پشاور، 7 اگست 2026ء: عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ، 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس اور ولادتِ باسعادتِ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی 1501ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں رابطہ اجلاس سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور عطاء الرحمٰن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ سرکاری محکموں، قرآن بورڈ، متحدہ علماء بورڈ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عشرۂ رحمت للعالمین ﷺ یکم تا 12 ربیع الاول 1448ھ، متوقع طور پر 14 تا 25 اگست 2026ء، صوبہ بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ رواں سال کا مرکزی موضوع ’’سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور فروغِ امن‘‘ ہوگا۔
منظور شدہ پروگرام کے مطابق 14 اگست کو صوبائی سطح کی افتتاحی تقریب اور پریس کانفرنس منعقد ہوگی، جبکہ یکم تا 12 ربیع الاول سرکاری عمارات پر چراغاں کیا جائے گا۔ 17 اگست کو ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسیں، حسنِ قرأت اور نعت خوانی کے مقابلے، 18 اگست کو اسکولوں، 19 اگست کو دینی مدارس اور 20 اگست کو ڈویژنل سطح پر سیرت النبی ﷺ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ 21 اگست کو دارالامان، خصوصی تعلیمی اداروں اور بحالی مراکز میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
ضلعی مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 60 ہزار، 40 ہزار اور 30 ہزار روپے، جبکہ ڈویژنل مقابلوں میں 80 ہزار، 60 ہزار اور 40 ہزار روپے نقد انعامات دیے جائیں گے۔
سیکرٹری اوقاف نے تمام متعلقہ محکموں کو تقریبات کے بروقت انعقاد، بھرپور تشہیر، مؤثر حفاظتی انتظامات اور تصویری و صوتی شواہد کے ساتھ عمل درآمد رپورٹس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
